لاہور (پی ٹی آئی) پاکستانی فوجیوں اورحافظ سعید کی ممنوعہ جماعت الدعوۃ کے ارکان نے چہارشنبہ کے د ن 3 افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
یہ لوگ لاہور سے کوئی 40 کیلومیٹر دور مریدکے میں جماعت الدعوۃ کے ہیڈکوارٹرس پر ہندوستانی فوجی حملہ میں جان گنوا بیٹھے تھے۔ قاری عبدالملک‘ خالد اور مدثر کی نماز جنازہ مریدکے میں کڑے پہرہ میں ادا کی گئی۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے یہ بات بتائی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ‘ جماعت الدعوۃ کا سیاسی شعبہ ہے۔ نماز جنازہ میں سیول عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
حافظ عبدالرؤف نے نماز جنازہ پڑھائی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔ تابش قیوم نے کہا کہ پاکستان پر حملہ کرنے والے ہندوستان کو دن دہاڑے جواب دیا جائے گا۔ ہندوستان کے حملہ کے وقت یہ تینوں مسجد سے متصل کمرہ میں سورہے تھے۔
حملہ میں مسجد تباہ ہوگئی۔ تابش قیوم نے بتایا کہ قاری عبدالملک‘ خالد اورمدثر جو جماعت الدعوۃ کے ارکان سمجھے جاتے ہیں‘ مسجد کے امام اور خادم تھے۔ جنازہ کے بعد نعشیں تدفین کے لئے ان کے آبائی مقامات کو روانہ کردی گئیں۔