گگن یان مشن: ہندوستان نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار، جون میں خلائی پرواز کی تیاری

اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن نے کہا کہ وِنگ کمانڈر راکیش شرما کا تجربہ گگن یان مشن میں سب سے اہم ہے۔ ہندوستانی خلائی مشن کو جون کے پہلے ہفتہ میں لانچ کیے جانے کی امید ہے۔


گگن یان۔ تصویر بشکریہ@ISROSpaceflight
اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ 1962 میں ہندوستانی خلائی مشن شروع ہوا تھا اور اب ہم گگن یان کو مکمل کرنے کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں۔ اس موقع پر سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ اور گگن یان مشن کے سبھی سائنسداں موجود تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست 2018 کو ہندوستان کے اس انسانی مشن کا اعلان کیا تھا۔ گگن یان میں کرو اسکیپ سسٹم ہے، تاکہ کرو محفوظ رہے، ساتھ ہی انٹیگریٹیڈ وہیکل ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم بھی ہے۔
ڈاکٹر وی نارائنن نے گگن یان مشن کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تمام پروپلشن سسٹمز کی ہیومن ریٹنگ تیار ہے۔ ہم نے 4 گگن یان مسافرین کا انتخاب کر لیا ہے اور ان کی ٹریننگ ملک و بیرون ملک میں چل رہی ہے۔ 3 بغیر کرو کے مشن ہیں اور 2 کرو مشن شامل ہیں۔ ہندوستانی خلائی اسٹیشن کو حکومت منظوری دے چکی ہے۔ ڈاکٹر وی نارائنن کے مطابق کُل 3 مشن ہیں، اس میں پہلا ماڈیول 2028 میں بھیجیں گے۔ اس میں اسپیس ڈیکس مشن روٹیٹ کر رہا ہے۔ یہاں 2 ڈاکنگ ہو چکی ہے، یہ مشن مکمل طور سے کامیاب رہا ہے۔ چندریان-4 میں 2 بار ڈاکنگ اور 2 بار اَن ڈاکنگ کی جائے گی، 2 لانچ اس کے لیے ہوں گے۔
وی نارائنن کے مطابق وِنگ کمانڈر راکیش شرما کا تجربہ گگن یان مشن میں سب سے اہم ہے۔ ہندوستانی خلائی مشن کو جون کے پہلے ہفتہ میں لانچ کیے جانے کی امید ہے۔ 7 سے 9 مئی کو گلوبل اسپیس ایکسپلوریشن کانفرنس کا انعقاد دوارکا میں کیا جا رہا ہے۔ اس میں 57 ملک کے وفود شامل ہوں گے اور 10 خلاباز بھی شریک ہوں گے۔ ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا راکیش شرما کے بعد خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہوں گے۔
ڈاکٹر وی نارائن نے کہا کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ایکسیوم-4 مشن کے تحت جون کے پہلے ہفتہ میں وہ اسپیس-ایکس ڈریگن یان سے انٹر نیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے پرواز کریں گے۔ یہ مشن 14 دن تک چلے گا اور اس میں وہ مائیکرو گریویٹی ماحول میں بہت سے تجربات کریں گے۔ یہ مشن ایکسیوم اسپیس کی جانب سے چلائی جانے والی چوتھی نجی خلائی پرواز ہوگی۔ لانچ کی مقررہ تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔