حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی مجوزہ ہڑتال پر دوبارہ غور کریں۔
منگل کو آئی این ٹی یو سی ٹریڈ یونین کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیرموصوف نے کہا کہ آرٹی سی بحالی کے مرحلے میں ہے اور ہڑتال عوام کو بڑی پریشانی میں مبتلا کرے گی۔
انہوں نے آرٹی سی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ ملازمین کے مسائل کو وزیراعلیٰ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔اسی دوران ٹی جی ایس آر ٹی سی انتظامیہ نے ملازمین کے نام ایک کھلا مکتوب جاری کرتے ہوئے ادارہ کے تحفظ کے لئے تعاون کی اپیل کی ہے۔
انتظامیہ نے حکومت کی حمایت سے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ آر ٹی سی ایک مشکل دور کے بعد بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔
انتظامیہ نے 2019 کی ہڑتال کا حوالہ دیا، جس کے نتیجہ میں ادارہ شدید بحران کا شکار ہوگیا تھا،انتظامیہ نے خبردار کیا کہ ملازمین کو ایسے گروہوں کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہیے جو بدنظمی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسما(لازمی خدمات کی برقراری کا قانون) کے تحت ہڑتالوں پر پابندی عائد ہے اور جو بھی ہڑتال کے نام پر کسی بھی ملازم کو ڈرانے یا کام سے روکنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔