بہار: کٹیہار میں باراتیوں سے بھری اسکارپیو اور ٹریکٹر میں شدید ٹکر، 8 کی موت، 2 زخمی

اسکارپیو پر 10 افراد سوار ہوکر کرسیلا کے قریب کوشکی پور بارات جا رہے تھے۔ چاند پور چوک کے قریب مکّا کا ڈھیر دیکھ کر اسکارپیو بے قابو ہو کر آگے مکّے سے لدے ٹریکٹر سے جا ٹکرائی۔


بہار کے کٹیہار میں دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ ضلع کے پوٹھیا تھانہ حلقہ کے ایس ایچ 77 سڑک پر چاند پور ہنومان مندر کے قریب پیر کی رات ٹریکٹر اور باراتیوں سے بھری اسکارپیوں کے درمیان شدید ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں اسکارپیو پر سوار 8 لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ 2 افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے سمیلی کمیونٹی صحت مرکز لایا گیا جہاں سے دونوں کو ریفر کر دیا گیا۔
کٹیہار کے ایس پی ویبھو شرما نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پوٹھیا تھانہ کے تحت سمیلی میں 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ دو زخمی ہیں۔ واقعہ کے بارے میں عینی شاہد فلکا ضلع کونسل نمائندہ منوج کمار منڈل نے بتایا کہ ڈھبرا بازار بڑہرا کوٹھی ضلع پورنیہ سے اسکارپیو پر 10 افراد سوار ہوکر کرسیلا کے قریب کوشکی پور بارات جا رہے تھے۔ چاند پور مغربی پنچایت کے چاند پور چوک کے قریب مکّا کا ڈھیر دیکھ کر اسکارپیو بے قابو ہو کر آگے مکّے سے لدے ٹریکٹر سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں سبھی 8 لوگوں کی موت موقع پر ہی ہو گئی۔
مقامی لوگوں کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر آئی اور مہلوکین اور زخمیوں کو لے کر پرائمری ہیلتھ سنٹر سمیلی پہنچی۔ حادثہ کو لے کر ڈی آئی جی پرمود کمار منڈل نے پانچ لوگوں کی موت ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفصیل معلوم کی جا رہی ہے۔ وہیں سمیلی کمیونٹ صحت مرکز میں تعینات ڈاکٹر مکیش نے بتایا کہ حادثے میں 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ دو لوگ ادئے کمار (25 سال) اور ابھیشیک کمار (26 سال) کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے دونوں کو ریفر کردیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔