مرکزی وزارت داخلہ نے کئی ریاستوں کو ’ماک ڈرل‘ کرنے کی دی ہدایت، 7 مئی کو ہوگا ’بلیک آؤٹ ایکسرسائز‘

جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ریاستیں 7 مئی 2025 کو اثر انداز طریقے سے شہری سیکورٹی کے لیے ماک ڈرل کا انعقاد کریں گی۔ ایسا کیا جا رہا ہے تاکہ ایمرجنسی حالت میں لوگوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔


ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی جاری ہے، اور ایسے وقت میں ہندوستانی وزارت داخلہ نے ایک انتہائی اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے کئی ریاستوں کو ’ماک ڈرل‘ کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ عوام کی حفاظت کو کسی بھی طرح نظر انداز نہ کیا جائے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ریاستیں 7 مئی 2025 کو اثرانداز طریقے سے شہری سیکورٹی کے لیے ماک ڈرل کا انعقاد کریں گے۔ یہ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ کسی ایمرجنسی حالت میں لوگوں کی حاظت یقینی بنائی جا سکے۔ اس ماک ڈرل کے دوران 5 خاص باتوں پر زور دیا جائے گا، جو اس طرح ہیں: 1. ہوائی حملہ سے متعلق الرٹ کے وقت سائرن بجانا، 2. حملوں کے وقت شہری، طلبا وغیرہ کو خود کی حفاظت کے لیے ٹریننگ دینا، 3. حملے کے وقت بلیک آؤٹ کرنا، 4. اہم پلانٹس/تنصیبات کو حملے کے وقت چھپانا، 5. لوگوں سے جگہ خالی کرانا یا نکالنے کی پلاننگ کرنا اور اس کی پریکٹس کرنا۔
قابل ذکر ہے کہ قبل میں اس طرح کا تجربہ 1971 میں کیا گیا تھا، جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔ پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بھی جنگ جیسے حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ’ماک ڈرل‘ کی ہدایت کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کو اس بات کا خوف شدت کے ساتھ پریشان کر رہا ہے کہ ہندوستان کبھی بھی اس پر حملہ کر سکتا ہے۔ اسی خوف کے سبب پاکستان کبھی اقوام متحدہ اور کبھی امریکہ کے سامنے گڑگڑاتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر پنجاب کے فیروزپور کینٹ بورڈ نے 4 مئی کو 30 منٹ کا بلیک آؤٹ تجربہ کیا۔ بلیک آؤٹ تجربہ رات 9 بجے سے 9.30 بجے تک کینٹ علاقہ میں کیا گیا۔ اس تجربہ کا مقصد جنگ سے متعلق خطرہ کے دوران بلیک آؤٹ عمل کو نافذ کرنے کی تیاری اور اثرات یقینی کرنا ہے۔ اس تجربہ کو کامیاب بنانے میں عوام کی حمایت اور تعاون اہم ہوتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔