وقارآباد: تلنگانہ اقلیتی بہبود محکمہ کی جانب سے اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) کے سیول سروسز اہلیتی امتحان CSAT-2026 کی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس کوچنگ کا اہتمام تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل اینڈ کیریئر کونسلنگ سنٹر، حیدرآباد کے زیرنگرانی کیا جائے گا۔
ضلع اقلیتی بہبود آفیسر جناب ایم اے ستّار نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوچنگ کی کلاسز ڈیجیٹلائزڈ طریقے سے چلائی جائیں گی، جہاں لائبریری، انٹرنیٹ اور وائی فائی جیسی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ دہلی اور دیگر اہم شہروں سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار اور ماہر اساتذہ تدریسی فرائض انجام دیں گے۔
کوچنگ پروگرام میں خاتون امیدواروں کے لیے 33.33 فیصد اور معذور امیدواروں کے لیے 5 فیصد نشستیں محفوظ رکھی گئی ہیں۔ آن لائن درخواستوں کا آغاز یکم مئی سے ہو چکا ہے اور آخری تاریخ 24 مئی 2025 مقرر کی گئی ہے۔
اہل امیدواروں کے انتخاب کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ 5 جون کو منعقد کیا جائے گا۔ صرف وہی امیدوار اہل ہوں گے جنہوں نے ماضی میں تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل کے CSAT کوچنگ پروگرام میں شرکت نہ کی ہو۔ امیدواروں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ درخواست دہندگان کے والدین یا سرپرستوں کی سالانہ آمدنی پانچ لاکھ روپے سے زائد نہ ہو۔ درخواست دہی کے لیے کسی بھی جنرل یا پروفیشنل کورس میں ریاستی حکومت سے مسلمہ تین یا چار سالہ ڈگری کا حامل ہونا ضروری ہے۔
ضلع وقارآباد کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس (TGMREIS) میں منعقد کیا جائے گا۔ جناب ایم اے ستّار نے تمام اقلیتی طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے مستقبل کو درخشاں بنائیں۔
درخواستیں https://cet.cgg.gov.in/tmreis پر داخل کی جا سکتی ہیں۔ مزید معلومات کے لیے امیدوار فون نمبرات 9912144364 یا 7993357103 پر صبح 10:30 تا شام 5:00 رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔