یمن سے متعلق الزامات پر ایرانی وزارت خارجہ کا شدید ردعمل

یمن سے متعلق الزامات پر ایرانی وزارت خارجہ کا شدید ردعمل

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے یمن کے حوالے سے تہران پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کی حالیہ دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کا مقصد یمن کی مظلوم اور باوقار قوم کی جدوجہد کو ایران سے جوڑ کر اسے بدنام کرنا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکہ خود نسل پرست صہیونی حکومت کی پشت پناہی کرتے ہوئے یمن میں مداخلت کررہا ہے اور شہری علاقوں پر حملے کرکے جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ 

وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یمنی عوام کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت کوئی بیرونی ایما نہیں بلکہ ان کی اپنی اسلامی و انسانی ہمدردی کا مظہر ہے۔ اسے ایران سے جوڑنا غزہ میں صہیونی مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی چال ہے۔

وزارت خارجہ نے امریکی حملوں کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کے سنگین نتائج کی ذمہ داری واشنگٹن اور تل ابیب پر عائد کی ہے اور کہا ہے کہ فلسطین میں جاری نسل کشی اور ظلم ہی دراصل خطے کے عدم استحکام اور بدامنی کی بنیادی وجہ ہے۔

بیان میں ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی قومی سلامتی اور مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی جارحیت یا غیر قانونی اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے