پٹنہ: 2 دیسی بم میں زوردار دھماکہ، 6 سالہ بچی بری طرح جھلسی، پولیس تحقیقات شروع

پٹنہ ٹاؤن-1 کی ایس ڈی پی او دیکشا نے کہا کہ ’’ہفتہ (3 مئی) کو رات کے قریب 9 بجے پولیس کو باقرگنج علاقے میں 2 دیسی بم کے پھٹنے کی اطلاع ملی۔ پیربہور تھانے کے پولیس اہلکار فوراً جائے واردات پر پہنچے۔‘‘


دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
بہار کی راجدھانی پٹنہ میں 2 دیسی بم کے دھماکے کی وجہ سے 6 سالہ بچی بری طرح جھلس گئی۔ بچی کو فوری طور پر سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں دہشت پھیل گئی ہے۔ پٹنہ ٹاؤن-1 کی ایس ڈی پی او دیکشا نے اس واقعہ کے سلسلے میں بتایا کہ ’’ہفتہ (3 مئی) کو رات کے قریب 9 بجے پولیس کو باقرگنج علاقے میں 2 دیسی بم کے پھٹنے کی اطلاع ملی۔ پیربہور تھانے کے پولیس اہلکار فوراً جائے واردات پر پہنچے۔‘‘
ایس ڈی پی او دیکشا کے مطابق بچی کی شناخت کو پوشیدہ رکھا گیا ہے، اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مختلف زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فارینسک ٹیموں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ بدمعاشوں نے لوگوں کو ڈرانے کے ارادے سے یہ بم دھماکہ کیا ہے۔ ملزمان کی تلاش میں پولیس کی ٹیم جائے واردات کے آس پاس لگی سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی مدد لے رہی ہے۔ پولیس کو امید ہے کہ جلد ہی ملزمان کو حراست میں لے لیا جائے گا۔ فی الحال حالات معمول پر ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہفتہ کی رات 2 گروپوں میں زبردست تصادم ہوا۔ اسی دوران ایک گروپ کی جانب سے مخالف گروپ پر 2 دیسی بم پھینکے گئے۔ دیسی بم دھماکے کی وجہ سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ جائے وارادت پر پولیس کے آنے سے قبل ہی دونوں گروپوں کے بدمعاش فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔