جموں کشمیر: رام بن میں پیش آیا اندوہناک حادثہ، 700 فٹ گہری کھائی میں جا گرا آرمی ٹرک، 3 جوان شہید

فوج کا ٹرک قومی شاہراہ 44 پر جموں سے سری نگر جا رہے قافلے کا حصہ تھا۔ یہ حادثہ بیٹری چشمہ کے پاس قومی شاہراہ 44 پر صبح کے 11:30 بجے پیش آیا۔


جموں و کشمیر کے رام بن ضلع میں اتوار (4 مئی) کو ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ ہندوستانی فوج کے قافلے کی ایک گاڑی سڑک سے 700 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ اس دلدوز حادثہ میں 3 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ مختلف ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق فوج کا ٹرک قومی شاہراہ 44 پر جموں سے سری نگر جا رہے قافلے کا حصہ تھا۔ یہ حادثہ بیٹری چشمہ کے پاس قومی شاہراہ 44 پر صبح کے 11:30 بجے پیش آیا۔
افسران کے مطابق فوج، پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسکیو فورس (ایس ڈی آر ایف) اور مقامی لوگوں کی مدد سے فوری طور پر مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 3 فوجی جوان جاں بحق ہو گئے، جن کی شناخت امیت کمار، سجیت کمار اور مان بہادر کے طور پر ہوئی ہے۔ افسران نے یہ بھی بتایا کہ حادثے کی کی وجہ سے گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ رواں سال مارچ میں بھی رام بن ضلع میں اسی طرح کا ایک حادثہ پیش آیا تھا۔ دراصل تازی سبزیاں لے جا رہا ایک مال بردار گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں گر گیا تھا، جس میں 2 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ یہ لوگ اپنے گاؤں اُکھرال پوگل-پرستان لوٹنے کے درمیان جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر یہ حادثہ پیش آیا تھا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی پہچان ارشد احمد اور ان کے معاون سیوا سنگھ کے طور پر ہوئی تھی، ان دونوں کی عمر تقریباً 30 سال تھی۔ وہیں مارچ میں ہوئے ایک دیگر حادثہ میں ریاسی ضلع میں ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ جس میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور دیگر 8 زخمی ہو گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔