اسمرتی مندھانا نے مکمل کیے 100 ون ڈے، ایسا کرنے والی ساتویں ہندوستانی خاتون کرکٹر

اسمرتی مندھانا 100 ون ڈے میچز کے ساتھ ساتھ 7 ٹیسٹ اور 148 ٹی20 میں بھی ملک کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ 100 ون ڈے میچز میں اسمرتی مندھانا نے 4306 رن بنائے ہیں، اس میں 10 سنچری اور 30 نصف سنچری شامل ہیں۔


سری لنکا کے خلاف سہ رخی سیریز کا چوتھا مقابلہ کھیلنے کے لیے اترنے کے ساتھ ہی ہندوستان خاتون کرکٹ ٹیم کی سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا نے ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ دراصل اسمرتی مندھانا ہندوستان کی جانب سے 100 ون ڈے میچز کھیلنے والی 7ویں کھلاڑی بن گئی ہیں۔ سابق کپتان متالی راج کے نام دنیا میں سب سے زیادہ ون ڈے میچ کھیلنے کا ریکارڈ ہے، انہوں نے اپنے 23 سالہ کرکٹ کیریئر میں کُل 232 میچز کھیلے ہیں۔ متالی کے بعد جھولن گوسوامی سب سے زیادہ ون ڈے کھیلنے والی کھلاڑی ہیں، 204 میچز میں انہوں نے ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ تسیرے نمبر پر انگلینڈ کی چارلوٹ ایڈورڈس ہیں، انہوں نے 191 میچز کھیلے ہیں۔
اگر ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے میچ کھیلنے والی کھلاڑی کی بات کی جائے تو متالی راج 232 میچز کے ساتھ پہلے مقام پر قائم ہیں۔ دوسرے نمبر تیز گیند باز جھولن گوسوامی ہیں، انہوں نے 204 میچز کھیلے ہیں۔ تیسرے نمبر پر آل راؤنڈر اور ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور ہیں، انہوں نے 144 ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کی ہے۔ چوتھے نمبر پر انجم چوپڑا 127 ون ڈے اور پانچویں نمبر پر 116 ون ڈے میچز کے ساتھ امیتا شرما براجمان ہیں۔ چھٹے نمبر پر شاندار آل راؤنڈر دیپتی شرما 104 ون ڈے اور ساتویں نمبر پر 100 ون ڈے کھیلنے والی سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا ہیں۔ آٹھویں نمبر پر نیتو ڈیوڈ 97 ون ڈے، نویں نمبر پر نوشین کھڈیر 78 ون ڈے ا ور دسویں نمبر پر رومیلی دھار 78 ون ڈے میچز میں ہندوستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اسمرتی مندھانا 100 ون ڈے میچز کے ساتھ ساتھ 7 ٹیسٹ اور 148 ٹی20 میں بھی ملک کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ 100 ون ڈے میچز میں اسمرتی مندھانا نے 4306 رن بنائے ہیں، اس میں 10 سنچری اور 30 نصف سنچری شامل ہیں۔ 7 ٹیسٹ میچز میں اسمرتی نے 629 رن بنائے ہیں، اس میں 2 سنچری اور 3 نصف سنچری شامل ہیں۔ جب کہ 148 ٹی20 میچز میں انہوں نے 3761 رن بنائے ہیں، اس فارمیٹ میں انہوں نے صرف 30 نصف سنچری اسکور کی ہیں۔