مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے مختلف شہروں میں دفاعی اور سویلین تنصیابت پر اسرائیل کے مجرمانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے دمشق، لاذقیہ، ادلب، حما، قنیطرہ اور درعا میں صہیونی حکومت کے حملوں کے بعد عالمی برادری اور خطے کے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے شام پر حملوں کو روکنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔
شام کے اسٹریٹجک اثاثوں، فوجی اور شہری انفراسٹرکچر پر صہیونی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، بقائی نے کہ کہ آج یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ غاصب صہیونی حکومت کا اصل مقصد شام کے دفاعی اور اقتصادی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرسکے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھی صہیونی حکومت کی جارحیت اور حملوں کو روکنے کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان تنظیموں سے اپنے فرائض ادا کرنے کی اپیل کی۔