مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، عراقی سکیورٹی فورسز نے ایران مخالف گروپوں کو سلیمانیہ کے علاقوں سے اپنے کمین گاہیں فوری طور پر خالی نہ کرنے کی صورت میں طاقت کے استعمال کی وارننگ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عراقی صوبے سلیمانیہ میں سکیورٹی فورسز نے ایران مخالف گروپوں کو اپنی کمین گاہیں خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
سیکورٹی فورسز کے ترجمان سلام عبدالخالق نے کہا کہ ایران مخالف گروپوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زورکوئیری، کولارش اور وبانہ گوره میں اپنے ٹھکانے خالی کریں۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام بغداد اور تهران کے درمیان ہونے والے سیکورٹی معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردوں کو دی گئی مہلت مئی کے آغاز سے ختم ہوچکی ہے اور اس سے قبل کئی بار یہ مہلت بڑھائی جاچکی تھی تاہم اس مرتبہ ان گروپوں کے پاس صرف 10 دن باقی ہیں تاکہ وہ سورداش کیمپ منتقل ہوجائیں۔
اس سے پہلے اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ عراقی حکومت ایران کے ساتھ سیکورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے ایران مخالف گروپوں کی سرگرمیوں کو عراق میں بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
عراق کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے فیصلے کے مطابق بغداد اور تهران کے درمیان تعاون کو بڑھانے اور سرحدوں اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ایران مخالف گروپوں کی عراق میں سرگرمیاں ممنوع کردی گئی ہیں۔
عراقی وزیراعظم اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے دفتر سے جاری حکم میں سکیورٹی فورسز، فوج، بارڈر کراسنگ اتھارٹیز اور کردستان حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں۔