نئی دہلی (پی ٹی آئی) پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل کو آج ہندوستان میں مسدود کردیا گیا۔ جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملہ کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کے بیچ یہ اقدام کیا گیا۔
مسدود چینل پر ایک پیام میں کہا گیا ”قومی سلامتی یا امن عامہ سے متعلق حکومت کے احکام کے سبب یہ مواد فی الحال اس ملک میں دستیاب نہیں۔ حکومت کی جانب سے مواد ہٹانے کی درخواستوں کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے برائے مہربانی گوگل ٹرانسپرینسی رپورٹ کا مشاہدہ کریں۔“
یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ حکومت نے جاریہ ہفتہ کے اوائل میں 16 پاکستانی یوٹیوب چینلوں کو ہندوستان کے بارے میں ”جھوٹا، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ طور پر حساس مواد“ نشر کرنے پر مسدود کردیا تھا اور پہلگام حملہ کے بارے میں بی بی سی کی رپورٹنگ پر بھی سخت اعتراض کیا تھا۔
پہلگام میں 22 اپریل کے حملہ کے پس منظر میں مرکزی وزارتِ داخلہ کی سفارشات پر حکومت نے اقدامات کیے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وزارتِ خارجہ بی بی سی کی رپورٹنگ پر نظر رکھ رہی ہے جس نے دہشت گردوں کو عسکریت پسند قرار دیا تھا۔