کسان لیڈر راکیش ٹکیت کے ساتھ ہوا برا سلوک قابل مذمت: نریش ٹکیت

نریش ٹکیت نے کہا کہ ٹکیت فیملی نے ہمیشہ کسانوں کی آواز بلند کی ہے۔ راکیش ٹکیت پر حملہ افسوسناک ہے، حکومت کو چاہیے کہ اس طرح کے واقعات پر سخت رخ اختیار کرے۔


راکیش ٹکیت، تصویر آئی اےاین ایس
مشہور و معروف کسان لیڈر ڈاکٹر نریش ٹکیت نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت کے ساتھ حال ہی میں ہوئے برے سلوک کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ راکیش ٹکیت پر ہوئے حملہ پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’راکیش ٹکیت اور ان کے والد مہندر سنگھ ٹکیت نے اپنی پوری زندگی کسانوں کے حقوق کی لڑائی میں وقف کر دی۔ ایسے میں ان کے ساتھ سماج دشمن عناصر کا کوئی بھی نامناسب سلوک بے حد قابل مذمت ہے۔‘‘
ڈاکٹر نریش کمار نے ٹکیت کنبہ کے ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ’’ٹکیت کنبہ کسانوں کی آواز رہا ہے اور ان کے تعاون کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اگر ان کے ساتھ کسی بھی طرح کا برا سلوک کیا گیا ہے، تو یہ نہ صرف ایک شخص پر حملہ ہے، بلکہ ملک کی کسان تحریک کے وقار پر بھی چوٹ ہے۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حادثہ کی سنجیدگی سے جانچ کر قصورواروں پر سخت کارروائی کرے، اور یہ یقینی بنائے کہ مستقبل میں کسی بھی کسان لیڈر کے ساتھ ایسا سلوک نہ دہرایا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ 2 مئی کو اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں راکیش ٹکیت کو کچھ لوگوں کی زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ’جن آکروش ریلی‘ میں مشتعل بھیڑ نے راکیش ٹکیت کے سامنے دھکا مکی کی۔ اس دھکا مکی میں راکیش ٹکیت کی پگڑی تک اتر گئی۔ پولیس نے کسی طرح راکیش ٹکیت کو بھیڑ سے نکالنے کی کوشش کی۔ لوگوں نے ٹکیت کے سامنے خوب نعرے بازی بھی کی۔ راکیش ٹکیت کے لیے ’واپس جاؤ‘ کا نعرہ بھی لگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔