مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ہفتے کے روز ہونے والے بالواسطہ مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان چوتھے دور کے بالواسطہ مذاکرات جو 3 مئی کو روم میں منعقد ہونا قرار پایا تھا، عمانی وزیر خارجہ کی درخواست پر ملتوی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات مؤخر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ کچھ وجوہات کی بنا پر ہفتہ 3 مئی کو ہونے والی ایران-امریکہ بات چیت کو دوبارہ شیڈول کیا جا رہا ہے۔ نئی تاریخ باہمی اتفاق رائے سے جلد طے کی جائے گی۔
درایں اثناء مذاکرات پر قریبی نظر رکھنے والے صحافی لارنس نورمن نے ایکس پر لکھا ہے کہ انہیں اطلاع دی گئی ہے کہ ایران_امریکہ مذاکرات کا اگلا دور اب 7 مئی کو ہوگا۔
نورمن نے مزید لکھا ہے کہ یہ ممکنہ یا متوقع تاریخ ہے۔ بظاہر امریکی فریق کو مزید وقت درکار تھا۔