نیرج چوپڑا کے دوست پاکستانی جیولن تھرو کھلاڑی ارشد ندیم کا ’انسٹاگرام‘ اکاؤنٹ ہندوستان میں بلاک

پہلگام حملے کے بعد سابق پاکستانی کرکٹرز شعیب اختر، شاہد آفریدی، باسط علی اور راشد لطیف سمیت کئی کھلاڑیوں کے یوٹیوب چینلز پر ہندوستان میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔


نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم
پہلگام حملہ کے بعد ہندوستانی حکومت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ان پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے جن کے ہندوستان میں بڑی تعداد میں فالوورز ہیں۔ نیرج چوپڑا کے دوست اور پاکستانی جیولن تھرو کھلاڑی ارشد ندیم کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہندوستان میں بلاک کر دیا گیا ہے۔ ہندوستان میں ارشد ندیم کا اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش کرنے والوں کو یہ پیغام موصول ہو رہا ہے کہ ’’ہندوستان میں یہ اکاؤنٹ دستیاب نہیں ہے۔ اس سلسلے میں ایک قانونی درخواست کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد سے نیرج چوپڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر صارفین کی سخت تنقید کا سامنا کر رہے تھے۔ انہوں نے ارشد ندیم کو 24 مئی سے بنگلورو میں ہونے والے ’نیرج چوپڑا کلاسک جیولن تھرو مقابلے‘ میں مدعو کیا تھا، اسی کا غصہ کئی لوگ سوشل میڈیا پر نکالتے نظر آئے۔ لگاتار ہو رہی تنقید کے بعد نیرج چوپڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’میں عام طور پر کم بولنے والا شخص ہوں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں جو غلط سمجھتا ہوں اس کے خلاف نہیں بولوں گا۔ خاص طور پر جب بات ہمارے ملک کے تئیں میری محبت اور میرے خاندان کی عزت و وقار پر سوال اٹھانے کے متعلق ہو۔‘‘
بہرحال، پاکستان کی مشہور ہستیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور یوٹیوب چینلز کو ہندوستان میں بلاک کیے جانے کا سلسلہ گزشتہ کچھ دنوں قبل سے شروع ہوا ہے۔ ارشد ندیم سے قبل پاکستانی اداکار علی ظفر اور ماہرہ خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی ہندوستان میں بلاک کر دیا گیا۔ ہندوستان کی فوج اور سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ طور پر حساس مواد، جھوٹے و گمراہ کن بیانات دینے والے یوٹیوب چینلز پر ہندوستان میں پہلے ہی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پہلگام حملے کے بعد سابق پاکستانی کرکٹرز شعیب اختر، شاہد آفریدی، باسط علی اور راشد لطیف سمیت کئی کھلاڑیوں کے یوٹیوب چینل پر ہندوستان میں پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ مذکورہ کرکٹرز میں شاہد آفریدی نے سب سے زیادہ ہندوستان کے خلاف باتیں کی ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی حکومت کے خلاف متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہندوستان پہلگام میں خود اپنے لوگوں کو قتل کرا کر پاکستان پر الزام عائد کر رہا ہے۔‘‘ اس کے بعد ہندوستانی کرکٹر شکھر دھون نے ان کو ان کے ہی الفاظ میں سخت جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’کارگل میں بھی ہرایا تھا، پہلے ہی اتنے گرے ہوئے ہو اور کتنے گرو گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔