فلسطین کو غیر مشروط طور پر اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے، ایران

فلسطین کو غیر مشروط طور پر اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے، ایران

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطی اور فلسطین کی صورتحال پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، فلسطینی عوام کا ایک جائز اور تاریخی مطالبہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ، صیہونی حکومت کی جارحانہ کارروائیاں ہیں، جن کی پشت پناہی امریکہ کررہا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ امدادی سامان کی فراہمی اور قیدیوں کے تبادلے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ مستقل جنگ بندی کے ساتھ ساتھ غزہ کی تعمیر نو کا عمل بھی شروع کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کسی بھی ایسے منصوبے کو سختی سے مسترد کیا جو جبری نقل مکانی یا فلسطینیوں کو تیسرے ممالک میں بسانے پر مبنی ہو۔ فلسطینیوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود متحد ہو کر کرنا چاہیے۔

ایروانی نے کہا کہ اب وہ وقت آ چکا ہے کہ فلسطین کو بغیر کسی پیشگی شرط کے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے، کیونکہ وہ تمام شرائط پوری کرتا ہے۔ امریکہ کی جانب سے سلامتی کونسل کی قرارداد کو ویٹو کرنا عالمی برادری کی رائے کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔

ایرانی مندوب نے مزید کہا کہ جب تک فلسطین پر اسرائیلی قبضہ اور جارحیت ختم نہیں ہوتی، خطے میں امن اور استحکام ممکن نہیں۔ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو فلسطین، لبنان اور شام کے مقبوضہ علاقوں سے انخلاء پر مجبور کرے۔

ایروانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ صیہونی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں سے ہے، جنہیں امریکہ کی مکمل سیاسی، فوجی اور سفارتی حمایت حاصل ہے۔ اگر امریکہ حمایت کرنا بند کردے تو اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ 

انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی ترک کرے اور فوری و مؤثر اقدام کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور نہتے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے