حیدرآباد: تلنگانہ کے گدوال ضلع میں منگل کی شام ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں دو نرسنگ طالبات ہلاک ہوگئیں اور 5دیگر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نرسنگ کالج سے نکلنے کے بعد طالبات نیو ہاؤسنگ بورڈ کالونی کے قریب بس کا انتظار کر رہی تھیں۔
اسی دوران ایک بولیرو گاڑی نے تیزی سے آ کر طالبات کو ٹکر مار دی۔ گاڑی کی رفتار اتنی زیادہ تھی کہ اس نے دو طالبات کو گھسیٹتے ہوئے ایک بجلی کے کھمبے سے ٹکر ماری، جس کے نتیجہ میں تاریں ٹوٹ کر طالبات پر گر گئیں۔
اس حادثہ میں مکتھل کی رہنے والی 20 سالہ مہیشوری اور ونپرتی کی 21 سالہ منیشا شری، جو نرسنگ کے تیسرے سال میں زیر تعلیم تھیں، موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔ دیگر چار طالبات شدید زخمی ہوگئیں۔زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔